7 فروری 2013 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائيہ کے سربراہ نے اسلامی انقلاب کو حقیقی اسلام کو زندہ کرنے والا، اسلامی اقدار کا سرچشمہ اور طاغوت سے ملت ایران کی نجات کا باعث قراردیا ہے۔

ابنا: بریگيڈیر حسن شاہ صفی نے یوم فضائیہ اور فضائیہ کے کارکنوں کی حضرت امام خمینی رح کے ہاتھوں پر تاریخی بیعت کی سالگرہ کے موقع پر کہا کہ اسلامی انقلاب نے حقیقی اسلام کو زندہ کیا ہے اور اسلامی اقدار کا سرچشمہ ہے نیز اسی انقلاب نے ملت ایران کو طاغوت کے تسلط سے رہائي دلائي ہے۔ اس تقریب میں تہران میں متعین بعض ملکوں کے فوجی اتاشیوں نے بھی شرکت کی۔ بریگيڈیر حسن شاہ صفی نے کہا کہ ایران کو الگ تھلگ کرنے اور ایرانو فوبیا سے بڑی طاقتوں کا مقصد اسلامی بیداری پر اسلامی انقلاب کے اثرات کا سدباب کرنا ہے لیکن اس سے کوئي نتیجہ حاصل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج علاقے کی قومیں انسانی حقوق، جمہوریت اور ظالم حکومتوں کو سرنگوں کرنے کے عزم محکم کی حامل ہوچکی ہیں۔ بریگيڈیر حسن شاہ صفی نے شام کے حالات کے بارے میں کہا کہ جو حالات شام کے ہیں ان میں اور اسلامی بیداری کی صورتحال میں بڑا فرق ہے اور آج شام کے عوام اپنے اصولی مواقف اور صیہونی حکومت کے خلاف جاری استقامت کے تعلق سے اپنی ثبات قدمی کے سبب سازشوں کا شکار ہیں۔ اس تقریب میں شام کے فوجی اتاشی نے اسلامی انقلاب کی چونتیسویں سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے حضرت امام خمینی قدس سرہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں ایک بااثر ملک شمار ہوتا ہے۔ واضح رہے ایران کی فضائيہ کے جوانوں نے نو فروری انیس سو اناسی کو حضرت امام خمینی کی رہائش گاہ پر حاضر ہوکر آپ سے وفاداری کااعلان کیا تھا۔ اس دن کو ایران میں یوم فضائيہ قراردیا گيا ہے۔

.......

/169